Sunday, September 8, 2024

قصور : جے آئی ٹی کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام، متاثرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک

قصور : جے آئی ٹی کسی نتیجے پر پہنچنے میں ناکام، متاثرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک
August 19, 2015
قصور (92نیوز) قصور سکینڈل کی تحقیقات میں ڈیڈ لاک آگیا ہے۔ پولیس متاثرین کیخلاف درج مقدمات واپس لے رہی ہے اور نہ ہی متاثرین تحقیقات میں جے آئی ٹی سے تعاون کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی تحقیقات کا بھی اپنا ہی انداز ہے۔ قصور سکینڈل کے میڈیا میں آنے سے پہلے مقدمات درج کئے جارہے تھے اورنہ ملزم گرفتار۔ متاثرین کے احتجاج پر مقدمات درج کرنے اور ملزم گرفتار کرنے کے بعد اب پولیس روایتی ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور انصاف کیلئے احتجاج پر مجبور ہونیوالے متاثرین کیخلاف ہی مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کی اس حرکت کو متاثرین نے دباو ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے مقاصد کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ متاثرین کیخلاف مقدمات کے اندراج کیوجہ سے تحقیقات میں بھی ڈیڈ لاک آگیاہے۔ وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو رہے ہیں اور نہ ہی تحقیقات میں کسی قسم کا تعاون کر رہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ جب تک ان کیخلاف درج مقدمات واپس نہیں لئے جاتے وہ جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہونگے۔ مقدمات واپس نہ ہونے کی صورت میں متاثرین نے لانگ مارچ کی دھمکی بھی دی ہے۔