Sunday, May 5, 2024

قرضہ معافی کیس ، عدالت نے قرضہ معاف کرانے والوں کو نوٹس جاری کر دیئے

قرضہ معافی کیس ، عدالت نے قرضہ معاف کرانے والوں کو نوٹس جاری کر دیئے
May 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے قرضہ معافی پر 222 افراد اور کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے قرضہ معافی کیس کی سماعت کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک خود آئے نہ ان کے وکیل بلکہ جونیئر وکیل پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں گورنر اسٹیٹ بینک؟ عدالتی حاضری کے لیے پریس ریلیز جاری کرنا پڑی تو کریں گے۔ آئندہ کسی کی غیر حاضری قبول نہیں کی جائے گی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار نے بتایا کہ کمیشن کے مطابق 84 ارب روپے کے قرضے معاف کئے گئے۔ 222 افراد اور کمپنیوں نے قرضے معاف کرائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 84 ارب کے قرضے معاف کرائے گئے، حد ہوگئی۔ عدالت نے قرضہ معاف کرانے والوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جون تک ملتوی کر دی۔