Thursday, April 25, 2024

قذافی اسٹیڈیم کی رونقیں بحال ہونے پر شائقین کا جذبہ بھی دیدنی تھا

قذافی اسٹیڈیم کی رونقیں بحال ہونے پر شائقین کا جذبہ بھی دیدنی تھا
January 25, 2020
لاہور ( 92 نیوز)  بنگلہ دیش کی ٹیم ٹی 20 سیریز توہارگئی مگرپاکستانی شائقین کے دل جیت لیے  ، دوسرے میچ سے قبل زندگی کی رونقیں  قذافی اسٹیڈیم  کے نواح میں اُتر آئیں،کوئی مداح شٹل سروس کے ذریعے پہنچا تو کوئی پیدل،کوئی فیس پینٹنگ کروا کر تو کوئی باجا بجا کر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے کا جشن مناتا رہا۔ پاک بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی سیریز کا دوسرامیچ دیکھنے آئے شائقین کا جوش وخروش دیدنی رہا  ، میچ کے بعد ہزاروں کی تعداد میں تماشائی ناچتے گاتے اپنی ٹیم کی جیت پر خوشی مناتے اسٹیڈیم سے باہر نکلے تو منظر قابل دید تھا،منچلوں نے بھنگڑے ڈال کر قومی ٹیم کی جیت کا جشن منایا ۔ پاکستان جیتا تو شائقین کی خوشی  دوبالا اور حسین موسم میں ویک اینڈ کا مزا  دوآتشہ ہوگیا،کرکٹ لورز نے پاکستانی ٹیم کو جیت کی مبارکباد دی تو بنگالی بھائیوں کا پاکستان آنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ میچ سے قبل شائقین کو لانے کے لیے پارکنگ اسٹینڈز سے قذافی اسٹیڈیم تک شٹل سروس کااہتمام کیاگیا ، شہری  پیدل بھی میچ دیکھنے کےلیےجوق درجوق  قذافی اسٹیڈیم پہنچے ،فیملیز بھی اپنی پسندیدہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے پہنچیں۔ کسی مداح نے قومی پرچم لہرایا توکسی نے  قومی پرچم کالباس بنارکھاتھا ، شائقین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھرپور داد دی ۔ قذافی اسٹیڈیم پہنچنے والےشائقین فیس پینٹنگ  کروانے میں بھی ایک دوسرے سے برتری لے گئے ، شائقین انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلنے پر مسرور نظرآئے۔ سیریز کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے  ، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی  کی گئی،قذافی اسٹیڈیم کی فضائی نگرانی کاسلسلہ بھی جاری رہا۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے میچ سے پہلے بنگلہ دیشی ٹیم کا روٹ چیک کیا ، ذوالفقار حمید نے پنجاب یونیورسٹی میں قائم پارکنگ کا بھی معائنہ کیا۔