Sunday, September 8, 2024

قحط زدہ تھر میں اموات کی تعداد 53 ہوگئی‘ پاک فوج کا ریلیف کیمپ قائم

قحط زدہ تھر میں اموات کی تعداد 53 ہوگئی‘ پاک فوج کا ریلیف کیمپ قائم
January 16, 2016
تھرپارکر (92نیوز) تھرپارکر میں غذائی قلت کا شکار بچوں کی اموات کم نہ ہوسکیں۔ رواں ماہ جاں بحق ہونے والی بچوں کی تعداد تریپن ہوگئی ہے۔ تھرباسیوں کی داد رسی کے لئے پاک آرمی نے تھرپارکر میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا ہے۔ تھرپارکر میں بھوک سے بلکتے بچوں کی شرح اموات بڑھتی جا رہی ہے۔ ہرروز چڑھتا سورج ننھے بچوں کے لئے موت کا پیغام لا رہا ہے لیکن انہیں بچانے کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدام دیکھنے میں نہیں آ رہے۔ سائیں سرکار کے وزراءنے گزشتہ دنوں تھرپارکر کے دورے تو کئے لیکن بات زبانی جمع خرچ سے آگے نہ بڑھ سکی۔ تھرباسیوں کی امداد کے لئے آرمی نے تھرپارکر کے گاو¿ں کانکیو میں ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے جس میں مقامی لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء، گرم کمبل اور طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پاک فوج کی جانب سے تھر کے باشندوں اور انکے جانوروں کے لیے پینے کے صاف اور میٹھے پانی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے اور زیرو پوائنٹ سے پائپ کے ذریعے تھر کے مختلف دیہات میں پانی کے بڑے ٹینک پہنچائے جا رہے ہیں۔