Saturday, April 20, 2024

قبضہ مافیا کیخلاف سپریم کورٹ کے حکم پر ملک بھر میں آپریشن

قبضہ مافیا کیخلاف سپریم کورٹ کے حکم پر ملک بھر میں آپریشن
January 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) قبضہ مافیا کے خلاف سپریم کورٹ کے حکم پر ملک بھر میں آپریشن جاری ہے ۔ ریاستی مشینری قابضین کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ متحرک رہی ۔ آپریشن کے دوران بحریہ انکلیو ، بنی گالہ ، کورنگ نالے کے اطراف سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا، سیاسی شخصیات کی عمارات بھی  آپریشن سے نہ بچ پائیں ۔ بڑی عدالت نے بڑے  مافیا کے خلاف بڑا حکم جاری کیا تو ریاستی مشینری بڑی تعداد میں پوری طاقت سے حرکت میں آئی، اسلام اباد میں سی ڈی اے نے بحریہ انکلیو، بنی گالا ، کورنگ نالہ، کشمیر ہائی کے اطراف مارکیز، ،ترنول میں قائم تجاوزات کو مسمار کیا ۔ آبپارہ میں آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز سے متصل سڑک کو بھی کھلوا دیا گیا ، قائداعظم یونیورسٹی کی زمین سابق چیئرمین سینٹ نیئربخاری کے دفتر اور گھر کی دیواریں بھی نہ بچ پائی۔ لاہور میں ایل ڈی اے نے کئی ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرائی ۔ گوجرانوالہ میں سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر کا پٹرول پمپ بھی ہٹا دیا گیا۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کراچی میں ایمپریس مارکیٹ کے علاقوں، سرکلر ریلوے کے اطراف ،فٹ پاتھ اور پتھاروں کا صفایا کردیا۔سپریم کورٹ نے شہرقائد  میں تجاوزات ہٹانے کے لئے 15 روز کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں  قبضہ مافیا کےخلاف گرینڈ آپریشن کیے گئے ۔ سندھ میں آپریشن کے دوران وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی جانب سے نظر ثانی درخواستیں دائر کی گئیں ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا عدالت کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن روکنے کا حکم نہیں دے سکتی۔ ریاست کو قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔