Thursday, March 28, 2024

گورنر خیبرپختونخوا نے فاٹا کی عوام کیلئے بلاسود قرضہ سکیم کا آغاز کر دیا

گورنر خیبرپختونخوا نے فاٹا کی عوام کیلئے بلاسود قرضہ سکیم کا آغاز کر دیا
December 22, 2015
مہمند ایجنسی (92نیوز) گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے قبائلی عوام کے لئے بلا سود قرضہ سکیم کا افتتاح کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 31 دسمبر 2016ءتک تمام متاثرین باعزت طور پر اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب نے فاٹا کی عوام کے لئے ایک ارب پچیس کروڑ روپے کے بلاسود قرضہ سکیم کا افتتاح کر کے مہمند ایجنسی غلعنئی کے پسماندہ عوام میں تیس لاکھ روپے تک کے قرضے جاری کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہمند ایجنسی میں بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا گیا مگر یہاں کی عوام نے مشکل حالات کا مقابلہ ہمت سے کیا۔ اب یہاں کی بے سہارا عوام کو روزگار فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔ گورنر سردار مہتاب کا کہنا تھا کہ تمام متاثرین کو 31 دسمبر 2016ءتک اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے جبکہ باڑہ بازار کی بھی آئندہ ماہ تعمیر نو کی جائے گی جس کیلئے مختلف تاجروں سے بھی بات چیت کر لی گئی ہے۔ فاٹا کی عوام بھی اس موقع پر کافی پرجوش نظر آئے۔ انکا کہنا تھا حکومت کی جانب سے قرضہ کی فراہمی خوش آئند ہے۔