Thursday, April 25, 2024

قبائلی عوام بڑی تعداد میں قومی پرچم اٹھائے ، نغمے گنگناتے پولنگ اسٹیشنز  پہنچے

قبائلی عوام بڑی تعداد میں قومی پرچم اٹھائے ، نغمے گنگناتے پولنگ اسٹیشنز  پہنچے
July 20, 2019
پشاور ( 92 نیوز) پاکستان کی جمہوریت اور قبائلی عوام کیلئے آج تاریخی دن ہے ،قبائلی علاقہ جات میں قیام امن کے بعد انتخابات کا مرحلہ بھی امن و سکون سے اختتام کو پہنچ گیا۔ قبائلی عوام بڑی تعداد میں قومی پرچم اٹھائے ، نغمے گنگناتے پولنگ اسٹیشنز  پہنچے۔ خیبرپختونخوا میں ضم کئے گئے قبائلی علاقوں میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے الیکشن ہوئے ، 7قبائلی اضلاع اور فرنٹیئر ریجن کی 16 نشستوں پر عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے قبائلی  بڑی تعداد میں  پرچم اٹھائے قومی نغمے گنگناتے پولنگ اسٹیشنز تک پہنچے۔ لوگوں نے قطاروں میں لگ کر اپنی پسندیدہ جماعت اور نمائندے کو ووٹ دیا، الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف،جماعت اسلامی،پیپلزپارٹی،عوامی نیشنل پارٹی ،جمیعت علمائے اسلام،مسلم لیگ نون سمیت تمام قومی و علاقائی جماعتوں سمیت آزاد امیدواروں نے حصہ لیا۔برطانوی سفیر نےالیکشن کے کامیاب انعقاد پر قبائلی عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ باجوڑ سے وزیرستان تک قبائلی علاقوں میں امن لوٹ آیا،سابق فاٹابھی سیاسی مشینری کاحصہ بن گیا،خیبرپختونخوا میں فاٹاکےانضمام کے بعد پہلی بارعام انتخابات ہوئے جس میں بھرپورجوش و خروش نظر آیا۔صبح8بجے پولنگ شروع ہوئی تو شہریوں کی طویل لائنیں لگ گئیں جو سارا دن لگی رہیں،قبائلیوں نے قومی پرچم اٹھاکر وطن سے محبت کا اظہار بھی کیا۔ سات قبائلی اضلاع اور ایک فرنٹیئر ریجن کی16نشستوں پر 285 امیدواروں نےاپنی قسمت آزمائی،دو خواتین بھی میدان میں نظر آئیں،رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد28لاکھ ایک ہزار837 ہے،1896پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔ جنوبی وزیرستان ون ووٹرز کے لحاظ سے سب سے بڑا جبکہ مہمند ون سب سے چھوٹا حلقہ ہے،پولنگ پرامن انداز میں ہوئی،فوج کے ساتھ پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکارتعینات تھے،پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر کیمرے نصب کئے گئے۔