Sunday, May 12, 2024

قبائلی علاقے میں پانی محفوظ کرنے کیلئے چار ڈیم بنائے جائینگے ، عثمان بزدار

قبائلی علاقے میں پانی محفوظ کرنے کیلئے چار ڈیم بنائے جائینگے ، عثمان بزدار
February 7, 2021

ڈی جی خان (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا قبائلی علاقے میں سیلاب سے بچاؤ اور پانی محفوظ کرنے کیلئے چار ڈیم بنائے جائینگے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ڈیرہ غازی خان میں مصروف دن گزرا۔ سردار فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس دوران متعلقہ حکام نے عثمان بزدار کو تعمیراتی کاموں پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

عثمان بزدار کی زیر نگرانی پنجاب میں چھوٹے اور انٹرمیڈیٹ ڈیمز کی تعمیر کے لئے محکمہ آبپاشی اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان اور راجن پور میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز دے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سے سخی سرور میں ارکان اسمبلی، پی ٹی آئی عہدیداروں، کارکنوں، معززین، عمائدین اور دیگر نے ملاقاتیں کیں۔ معززین علاقہ اور عمائدین نے سخی سرور اور گردونواح کے مسائل، ضروریات اور تجاویز سے آگاہ کیا۔

سردار عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے دور افتادہ قبائلی علاقے رونگھن میں شہریوں کو دیکھ کر اچانک ہیلی کاپٹر اتروا لیا۔ پائلٹ نے چھوٹی سڑک پر ہیلی کاپٹر اتارا تو قبائلیوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے۔

وزیر اعلیٰ نے بلوچی زبان میں قبائلی لوگوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔