Tuesday, April 23, 2024

قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد عوام کو سہولیات دینا ہے، وزیراعظم

قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد عوام کو سہولیات دینا ہے، وزیراعظم
December 28, 2019
  پشاور (92 نیوز) قبائلی علاقوں کے انضمام کا مقصد وہاں کے عوام کو سہولیات دینا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ اراکین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انضمام کے عمل کو کامیابی سے آگے بڑھانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، کابینہ کی کارکردگی اور کامیابیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے اراکین نے ملاقات کی۔ گورنر شاہ فرمان، وزیر اعلی محمود خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور سینئر افسران ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں اس علاقے کی عوام کو نظر انداز کیا گیا، موجودہ حکومت نے انضمام شدہ علاقوں کے لئے ریکارڈ فنڈز مہیا کیے ہیں، انضمام شدہ علاقوں میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، خیبر پختونخوا حکومت اس پہلو پر خصوصی توجہ دے تاکہ صوبے میں موجود سیاحت کے استعداد کو بروے کار لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی پر عوام نے دوبارہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اس لیے اب ہمارے اوپر زیادہ ذمہ داری ہے کہ عوام کی بھر پور خدمت کریں۔