Friday, April 26, 2024

قبائلی اضلاع کے 16 صوبائی حلقوں میں انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم

قبائلی اضلاع کے 16 صوبائی حلقوں میں انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم
July 20, 2019

پشاور (92 نیوز) قبائلی اضلاع کیلئے آج تاریخ ساز دن ہے۔ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہو گیا۔ پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہی جس کے بعد مزید ووٹرز کا پولنگ اسٹیشنز میں داخلہ بند کر دیا گیا البتہ پولنگ اسٹیشنز میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کی اجازت تھی ۔

 سات قبائلی اضلاع اور ایک فرنٹیئر ریجن کی کل 16 نشتوں پر 285 امیدوار قسمت  آزمائی کررہے ہی ہیں جن مین دوخواتین بھی میدان میں ہیں۔

 قومی دھارے میں شامل ہونے والے سات قبائلی اضلاع میں ضلع باجوڑ، اورکزئی، خیبر، مہمند، کرم، ضلع جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان شامل ہیں۔

انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے 82 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ حکمران جماعت تحریک انصاف کے تمام حلقوں سے امیدوار میدان میں ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی دو حلقوں سے اپنا امیدوار سامنے نہ لاسکی جبکہ مسلم لیگ ن کے 5، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے تین تین ، جے یو آئی سمیع الحق گروپ کے 2 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔

قبائلی اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 28 لاکھ ایک ہزار 837 ہے۔ تمام اضلاع میں 1896 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ خواتین کے لئے 376 ، مردوں کے لئے 482 جبکہ ایک ہزار 38 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے۔ جنوبی وزیرستان ون ووٹرز کی تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑا  جبکہ مہمند ون سب سے چھوٹا حلقہ ہے۔

 الیکشن کے موقع پر قبائلی اضلاع کے عوام پرجوش ہیں۔ جنوبی وزیرستان کے حلقہ پی کے 114 وانا میں پولنگ کا وقت شروع ہوتے ہی ووٹرز پہنچ گئے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے پولنگ اسٹیشنز کے باہر قطاروں میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کیا۔

قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ تمام اضلاع میں 554 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 882 کو حساس قرار دیا گیا ۔ فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر  سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ۔

الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ۔