Thursday, March 28, 2024

قانون کا احترام کرنیوالے ہیں، نیب نے دوباہ بلایا تو بھی پیش ہوں گا، حمزہ شہباز

قانون کا احترام کرنیوالے ہیں، نیب نے دوباہ بلایا تو بھی پیش ہوں گا، حمزہ شہباز
May 18, 2018
لاہور (92 نیوز) صاف پانی کمپنی کیس میں ن لیگ کے مرکزی رہنماء حمزہ شہباز شریف نے نیب لاہور میں پیشی پر کہا کہ قانون کا احترام کرنیوالے ہیں، نیب نے دوباہ بلایا تو بھی پیش ہوں گا۔ صاف پانی کمپنی کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نیب لاہور میں پیش ہوئے۔ ڈیڑھ گھنٹے کی پیشی کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب میں پیشی کوئی نئی بات نہیں، بےنظیربھٹو کے دور میں 18 سال کی عمر میں 6 ماہ اڈیالہ جیل میں رہ چکا ہوں، جن کا دامن صاف ہو وہ گھبراتے نہیں۔ حمزہ شہباز میڈیا سے گفتگو میں سیاسی حریف عمران خان کو ہدف تنقید بنانا نہیں بھولے اور کہا کہ لاہور میں میٹرو اورنج لائن کا افتتاح کر دیا گیا ہے، مگر کے پی کے میں ابھی تک صرف دھول ہی نظر آرہی ہے۔ ادھر آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ملزمان کو ریمانڈ ختم ہونے پر نیب نے احتساب عدالت پیش کیا تو پراسکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزموں کی آمدن اور وسائل میں بہت فرق ہے جس کی تفتیش ابھی کرنی ہے، لہٰذا پندرہ روز کا مزید ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے تین کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔