Sunday, September 8, 2024

قانون سازی کے تحت نئے بلدیاتی ادارے بنانا چاہتے ہیں ، راجہ بشارت

قانون سازی کے تحت نئے بلدیاتی ادارے بنانا چاہتے ہیں ، راجہ بشارت
April 20, 2019

لاہور ( 92 نیوز)وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ قانون سازی کے تحت نئے بلدیاتی ادارے بنانا چاہتے ہیں ۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ اداروں میں عدم تعاون کے باعث عوام کے مسائل بڑھے، تحصیل کونسل با اختیار بنائیں گے، بلدیاتی اداروں کو سالانہ چالیس ارب روپے دیں گے تاکہ ترقیاتی کام خود کرسکیں۔

راجہ بشارت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے ،واسا اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان تعلق کومضبوط کررہے ہیں ، پہلے اداروں میں عدم تعاون پر عوام کے مسائل بہت زیادہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل کونسل کو بااختیار بنائیں گے تاکہ ڈویژنل سطح پر میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیاں بہتر کام کریں ، گیارہ ارب روپے سالانہ لاہور کی ویسٹ مینجمنٹ کی سطح پر خرچ ہورہے ہیں اور ایک روپیہ بھی نہیں کما پا رہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ ضلع کا الیکشن غیر جماعتی ہوگا، لاہور، ملتان اور  فیصل آباد میں 50 سے  60 ارکان ہوں گے ،  یونٹ کے ہاؤس کے مطابق کم سے کم 8 ہاؤس ممبران ہو ں گے، مینارٹیز کو مکمل طور پر  نمائندگی  ملے گی اور ادھر تمام لوگ اپنی نمائندگی کریں گے ۔

صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اسمبلی کا اصل کام قانون سازی ہے ، پنجاب اسمبلی نے بھرپور طریقے سے قانون سازی کی اور یہ سلسلہ جاری ہے ، پیر کے اجلاس میں پانچ بل پیش کیے جائیں گے ، دو آرڈنیس بل پیش کیے جائیں گے ، دو اہم بل ہے پنچایت اور لوکل باڈی کا بل  پیش کیا جائے گا۔