Thursday, April 25, 2024

قاتل ڈینگی سے اسلام آباد اور لاہور میں 13 مریض جان کی بازی ہارگئے

قاتل ڈینگی سے اسلام آباد اور لاہور میں 13 مریض جان کی بازی ہارگئے
October 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد / لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں، قاتل ڈینگی وائرس اسلام آباد اور لاہور میں ڈینگی سے 13 مریض جان کی بازی ہارگئے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی وائرس کا زور برقرار ہے، 24 گھنٹے کے دوران جڑواں شہروں میں 190 نئے مریض رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی۔ قاتل وائرس اسلام آباد میں 11 جانیں لے گیا۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 125 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے۔ دیہی علاقوں سے 58 جبکہ شہری علاقوں سے 67 نئے مریض سامنے آئے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار 172 ہوچکی ہے۔ ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارلحکومت میں اب تک 11 افراد جان کی بازی چکے ہیں۔

راولپنڈی میں بھی ڈینگی کیسز بڑھنے لگے۔24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی میں 65 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔ راولپنڈی میں 2 ہزار کے قریب لوگ ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں ڈینگی مچھر کا پھیلاؤ روکا نہ جاسکا، اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کیلئے مختص بستر کم پڑ گئے۔ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی بخار کے 463 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

سيکرٹری صحت پنجاب کے مطابق گذشتہ روز لاہور میں ڈینگی سے 2 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ مزید 365 مریض رپورٹ ہوئے۔ رواں سال پنجاب ميں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 10 ہزار 528 تک پہنچ گئی۔

سيکرٹری صحت پنجاب کے مطابق رواں سال لاہور ميں ڈینگی کے 7 ہزار 5 کیس سامنے آئے۔ رواں سال پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 32 افراد جان کی بازی ہار چکے۔

ادھر پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈینگی کے وار جاری ہیں، محکمہ صحت کی جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 100 سے زائد افراد کے ڈینگی ٹیسٹ مثبت آگئے۔