Thursday, March 28, 2024

قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس صرف قومی اسمبلی سیشن کے دوران بلانے کی ہدایت

قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس صرف قومی اسمبلی سیشن کے دوران بلانے کی ہدایت
July 9, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسیر ارکان کے پروڈکشن آرڈر روکنے کیلئے اسپیکر نے انوکھا فیصلہ کر لیا ، قائمہ کمیٹی کے اجلاس صرف قومی اسمبلی سیشن کے دوران بلانے کی ہدایت کردی۔ اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کفایت شعاری مہم کے تحت کیا گیا،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے قائمہ کمیٹی اجلاسوں کیلئے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ حکومت نے قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی کے اجلاسوںمیں شرکت کے آصف زرداری اور سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز روک دیے جبکہ9،10اور 11جولائی کو بلائے گئے قائمہ کمیٹیوں کے تمام اجلاس بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین قائمہ کمیٹی آبی وسائل یوسف تالپور نے 10 اور 11 جولائی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ نے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرتے ہوئے معاملہ وزارت قانون کو بھیج دیا ۔ اسپیکر آفس نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ افسران کو پروڈکشن آرڈر فوری طور پر جاری نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ بھی موخر کر دیا گیا اور مذکورہ ارکان کی سیاسی سرگرمیوں کو جواز بنایا گیا ۔ متعلقہ حکام نے پروڈکشن آرڈر سمری پر نوٹ لکھا کہ مذکورہ ارکان پارلیمنٹ میں آکر سیاست کرتے ہیں ،  دوسری جانب سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے صرف قومی اسمبلی اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کر دی ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت یہ ہدایات جاری کی ہیں  ، ادھرچیئرمین قائمہ کمیٹی یوسف تالپور نے اس معاملے پر اسمبلی سیکرٹریٹ حکام سے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ضوابط کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کرنے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی بااختیار ہے اور سپیکر روک نہیں سکتے ۔ روزنامہ 92 نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ ایک رائے آرہی تھی کہ دہشتگردی اور کرپشن کے مقدمات میں گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جا نے چاہئیں اس لئے پروڈکشن آرڈرز کیلئے جتنی بھی درخواستیں آئیں وہ لاڈویژن کو بھیج دی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی کے قاعدہ 108میں گرفتار رکن کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں دی گئی ۔