Thursday, May 2, 2024

قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کی معطلی پرسوال اٹھا دیئے

قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کی معطلی پرسوال اٹھا دیئے
May 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی گورننگ بورڈ ارکان کی معطلی پرسوال اٹھا دیئے۔ آغا حسن بلوچ کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا۔ گورننگ بورڈ کے ارکان کی معطلی سمیت دیگر معاملات پر ارکان کے بورڈ حکام سے تابڑتوڑ سوالات کیئے۔ پی سی بی کے سی او او سبحان احمد نے بتایا نعمان بٹ کو ابھی معطل نہیں کیا۔ ضابطہ اخلاق کے تحت گورننگ بورڈ کا کوئی رکن پی سی بی پر تنقید نہیں کر سکتا۔ وسیم خان کو دہری شہریت کے باوجود ایم ڈی پی سی بی بنانے کے سوال پر سبحان احمد نے کہا کہ بورڈ آئین میں دہری شہریت سے متعلق کوئی قدغن نہیں۔ وقار یونس، اظہر محمود سمیت دیگر کھلاڑی بھی دہری شہریت کے باوجود ذمہ داریاں سنھبالتے رہے۔ انضمام الحق کے غیرملکی دوروں کا معاملہ چیئرمین پی سی بی کے نوٹس میں لانے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔ کمیٹی نے متعدد معاملات پر پی سی بی کا موقف مسترد کر دیا اور فیصلہ کیا کہ ارکان پی سی بی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے۔ کمیٹی میں ہاکی سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں فیڈریشنز کو محدود فنڈز ہی جاری کرسکتے ہیں۔ کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کو پانچ سال کے دوران ملنے والے فنڈز کی تفصیلات، آڈیٹرز جنرل کی رپورٹ اور ٹیم کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔