Tuesday, April 16, 2024

قائم علی شاہ کی نو دسمبر تک عبوری ضمانت منظور

قائم علی شاہ کی نو دسمبر تک عبوری ضمانت منظور
December 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن میں  قائم علی شاہ  کی 9 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ۔  اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائم علی شاہ کو پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا ، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے  جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت  کی ، قائم علی شاہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چار دسمبر کو نیب نے طلب کیا ہے ، گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا ضمانت  دی جائے ۔ عدالت نے  5 لاکھ روپے  کے مچلکوں کے عوض ضمانت قبل از گرفتاری 9 دسمبر تک منظور  کر لی اور نیب  کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ دوسری جانب احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس  میں سندھ روشن پروگرام کے دو ملزمان کی پلی بار گین کی درخواست منظور کر لی ۔ ملزم عبدالستار قریشی اور اسلم پرویز میمن کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی گئی ۔ دونوں  ملزموں نے مجموعی طور پر 31 لاکھ روپے نیب کو واپس کئے ،  اسلم پرویز میمن نے 25 جبکہ عبدالستار قریشی نے 6 لاکھ روپے واپس کئے ، ملزموں کو پلی بارگین کی درخواست منظور ہرنے پر رہا کر دیا گیا۔ سندھ روشن پروگرام میں مجموعی طور پر 29 کروڑ روپے برآمد کئے جا چکے  ہیں ، سندھ روشن پروگرام میں قائم علی شاہ کو بھی نیب نے کل طلب کر رکھا ہے۔