Friday, April 26, 2024

قائم علی شاہ نے 19ارب کی لاگت سے 6اہم شاہراہوں کی توسیع اور بحالی کی منظوری دیدی

 قائم علی شاہ نے 19ارب کی لاگت سے 6اہم شاہراہوں کی توسیع اور بحالی کی منظوری دیدی
October 21, 2015
کراچی(92نیوز)وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے 19780ملین روپے کی لاگت سے ٹوٹل 328کلو میٹرپرمشتمل سندھ کی 6 اہم شاہراہوں کی توسیع اور بحالی کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کےمطابق سندھ میں سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور بہتری کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  اس منصوبے پر فوری طور عملدرآمد کرکے2017کے آخر تک مکمل کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو جدید سفری سہولیات دینے کیلئے نوابشاہ سے سانگھڑ اور حیدر آباد سے ٹنڈو محمد خان تک سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت سڑکوں کی تعمیر کا ایک دوسرامیگا منصوبہ بھی جلد شروع کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے افسران سے 400 ملین ڈالر لاگت والے فلڈایمرجنسی ریکنسٹرکشن پروجیکٹ کے تحت سڑکوں کی بحالی اور آبپاشی اسکیموں پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ اجلاس میں  بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ  مراد علی شاہ نے بتایا کہ میگا منصوبے کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے منصوبے کی 87 فیصد رقم فراہم کرنے پر رضامند ظاہر کی ہے13فیصدحکومت سندھ برداشت کریگی، مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبے میں 44کلو میٹر پر مشتمل ٹھل سے کندھ کوٹ کی سڑک،36کلو میٹرکی شیرانپور سے رتوڈیرو،64کلو میٹرکی خیبر سے سانگھڑ وایہ ٹنڈو آدم، 63 کلو میٹر سانگھڑ سے میرپورخاص وایہ سندھڑی،66 کلو میٹر ٹنڈو محمد خان سے بدین اور 54کلو میٹر ڈگھری سے نوکوٹ کی سڑکیں شامل ہیں۔ ایڈیشنل چیف  سیکرٹری منصوبہ بندی نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایشین بینک کی جانب سے یہ نیا قرضہ فلڈ ایمرجنسی پروجیکٹ کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے وقت کے قبل 8سو کلو میٹر سڑکوں کی بحالی کے مقابلے میں 920کلو میٹر سڑکوں کی بحالی کے اعتراف میں دیا گیا ہے،اجلاس میں  سینئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبابندی و ترقیات اعجاز احمد، پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو، سیکریٹری خزانہ سہیل راجپوت،سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز اعجاز میمن و دیگر افسران نے شرکت کی۔