Thursday, April 25, 2024

قائداعظم نے دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست قائم کی : نوازشریف

قائداعظم نے دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست قائم کی : نوازشریف
September 11, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قائداعظم نے دنیا کی پہلی اسلامی نظریاتی ریاست قائم کی۔ قائد اعظم کے نظریے کے تحت ملک میں انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابائے قوم کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ وہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ قوم اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ہم اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے اپنے قائد کے تصورات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور انتہا پسند عناصر کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم کا شمار انتہائی دور اندیش سیاستدانوں اور دنیا کی عظیم مدبر شخصیات میں ہوتا ہے۔ قائد اعظم نے اپنی پوری زندگی میں قانون او ر آئین کی پاسداری کی اورسیاست میں مثبت اقدار کو مضبوط کیا۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو اتحاد، ایمان اورتنظیم کا درس دیا جو آج بھی ہماری زندگیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔