Sunday, September 8, 2024

قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ریاست کی تشکیل کیلئے اجتماعی کاوشیں کر رہے ہیں: یوم پاکستان پر وزیراعظم کا پیغام

قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ریاست کی تشکیل کیلئے اجتماعی کاوشیں کر رہے ہیں: یوم پاکستان پر وزیراعظم کا پیغام
March 23, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ریاست کی تشکیل کیلئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ دہشت گردی سمیت تمام چیلنجوں سے مؤثر طور پر نبردآزما ہونے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق ریاست کی تشکیل کیلئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور دہشت گردی سمیت تمام چیلنجوں سے موثر طور پر نبردآزما ہونے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں 23 مارچ 1940ء کو منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کی 76 ویں سالگرہ منا رہی ہے جس نے ہماری تاریخ کا رخ بدل ڈالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شدید ترین مشکلات اور بھرپور مخالفت کے باوجود آزاد مملکت پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ایسی ریاست کیلئے جدوجہد کی گئی جہاں ہم اپنے مذہبی عقائد اور ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔ آج ہم اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کیلئے ملک کے تحفظ اور سلامتی کا پختہ عزم رکھتے ہیں۔