Sunday, September 8, 2024

قائد پر شدید تنقید کے بعد رضا ہارون بھی مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل

قائد پر شدید تنقید کے بعد رضا ہارون بھی مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل
March 14, 2016
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم رہنما رضا ہارون نے بھی ایم کیو ایم سے باضابطہ علیحدگی کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رضا ہارون بھی مصطفیٰ کمال کے کیمپ میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں باغی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جاگیردارانہ نظام کے خلاف لڑنا ہے مگر جاگیردارانہ نظام ہم نے اپنے اندر پیدا کر رکھا ہے۔ انہوں نے قائد ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کےخلاف سازش کرنے کی کسی کو کیا ضرورت ہے۔ آپ خود ایک سازش ہیں۔ لوگ آپ کو اچھا نہیں سمجھتے۔ آپ کو اب اس بات کا احساس کرنا ہو گا۔ آپکی تو جب جماعت بنی تو آپ پاکستان میں ہی نہیں تھے۔ رضا ہارون نے کہا یہ کہنا بے جاہے کہ مصطفیٰ کمال کے ساتھ چند لوگ ہیں۔ ہمارا کام پیغام دینا ہے سوچنا قوم کا کام ہے۔ جو لوگ ہمیں جانتے ہیں ہمارا ساتھ ضرور دیں گے۔ انہوں نے قائد ایم کیو ایم کے بارے کہا کہ پاکستان کی کوئی ایسی اسمبلی نہیں جہاں ان کے خلاف قرارداد پاس نہ ہوئی ہو۔ ارباب اختیار کہتے ہیں لفاظی ہورہی ہے کوئی ثبوت نہیں ہے۔ کیا ساری اسمبلیاں لفاظی کر رہی ہیں۔ رضا ہارون نے کہا کہ میرا دل چاہا کہ میں اس نیک کام میں اپنے دوستوں کا ہاتھ بٹاوں کیونکہ ان کا منشور پاکستان ہے۔ الیکشن سے پہلے پوری تیاری کریں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایم کیو ایم صرف ایک شخص کی پوجا کیلئے بنی تھی۔ یہ وہ ایم کیو ایم نہیں ہے جس میں ہم شامل ہوئے تھے۔