Wednesday, May 1, 2024

قائد متحدہ نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ، : چودھری نثار

قائد متحدہ نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ، : چودھری نثار
August 23, 2016
اسلام آباد(92نیوز)وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان کا برطانیہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ ، کہتے ہیں الطاف حسین نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ، برطانیہ متحدہ قائد کو قانون کے دائرے میں لانے کےلئے معاونت کرے ۔ وزیرداخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ کو میڈیا ہاﺅسز کی سکیورٹی بھی سخت کرنیکی ہدایت کردی۔ الطاف حسین کےلئے ریفرنس دائر کرنے پر مشاورت بھی شروع ہوگئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق وزیرداخلہ نے برطانوی حکام سے را بطے میں الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریرپر تبادلہ خیال کیا اور برطانوی سرزمین سے پاکستان کی سالمیت اور امن کےخلاف اقدام کی مذمت کی ۔ ان کاکہنا تھا کہ الطاف حسین نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ان کی تقریر سے پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی برطانیہ الطاف حسین کو قانون کے دائرے میں لانے کےلئے معاونت کرے۔  ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی  الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریر کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا جبکہ تقریر کی قانونی حیثیت، ایم کیو ایم پر پابندی کےلئے عدالتی راستہ اختیار کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کوبدامنی پھیلانے اور جلاﺅ گھیراﺅ کرنے والوں کو گولی مارنے کے اختیارات دینے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پروزیرداخلہ نے رینجرز کو ہدایت کی کہ کر اچی میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرداخلہ نے  کراچی کی صورتحال سے وزیراعظم نوازشریف کو بھی آگاہ کردیا ۔ ا لطاف حسین کےخلاف لیگل ریفرنس دائر کرنے کےلئے وزارت قانون سے مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے دوسری جانب وزیرداخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبرسے بھی فون پر رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی میں تمام میڈیا ہاﺅسز کو سکیورٹی سخت کی جائے۔انہوں نے کراچی سمیت پورے سندھ میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ رینجرز اور پولیس کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔