Saturday, May 11, 2024

فیڈرل ریزرو کی سابقہ سربراہ جینٹ ییلن نئی امریکی وزیر خزانہ ہونگی

فیڈرل ریزرو کی سابقہ سربراہ جینٹ ییلن نئی امریکی وزیر خزانہ ہونگی
December 2, 2020

کورونا وائرس کی وجہ سے سست روی کا شکار امریکی معیشیت کی بحالی کے لیے نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی نئی معاشی ٹیم کا اعلان کردیا۔ ولمنگٹن میں پریس بریفننگ کرتے ہوئے انہوں نے فیڈرل ریزرو کی سابق سربراہ جینٹ ییلن کو اپنی نئی وزیر خزانہ نامزد کیا  جبکہ ویلی اڈیمو کو جینٹ کے ڈپٹی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ نیرا ٹنڈن کو بطور بجٹ ڈائریکٹر اور سیسیلیا روز کو کونسل آف اکنامک ایڈوائزرز کی سربراہ کے طور پر چنا گیا ہے۔  ہیدر بوشے اور جیرڈ برنسٹین کو کونسل آف اکنامک ایڈوائزرز کے ممبرز کے طور پر نامزد کرلیا گیا ہے۔

معاشی ٹیم کے اعلان سے پہلے نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کانگریس کو کورونا امدادی پیکج کی فوری منظوری دینی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹیم نے معاشی اور وبا کے حوالے سے بحران پر کام شروع کر دیا ہے۔

نامزد وزیر خزانہ جینٹ ییلن نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وبا اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والا بحران امریکا کیلئے ٹریجڈی ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم جلدی اقدامات کریں، بے عملی سے مزید تباہی ہوگی۔