Friday, April 19, 2024

فیض آباد دھرنے کے طول پکڑنے پر سپریم کورٹ برہم ، خفیہ اداروں کے حکام طلب

فیض آباد دھرنے کے طول پکڑنے پر سپریم کورٹ برہم ، خفیہ اداروں کے حکام طلب
November 23, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) فیض آباد دھرنے کے طول پکڑنے پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ۔ دفاع اور داخلہ کی وزارتوں کی رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ا خفیہ ا داروں کے حکام کو طلب کر لیا ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کل کوئی دشمن سڑکوں پر قبضہ کرلے تو کیا حکومت مذاکرات کرےگی؟ ۔ختم نبوت پر بات کرنےوالے خود دین الٰہی پر عمل نہیں کررہے ۔
سپریم کورٹ میں دھرنے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے کی۔
وزارت داخلہ اور وزارت دفاع نے رپورٹس پیش کیں جن پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کردیا ۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دھرنے میں مسلح لوگ بھی شریک ہیں ۔ مقامی لوگ بھی مدد کررہے ہیں ۔ تصادم کے خطرے کے پیش نظر حکومت احتیاط سے کام لے رہی ہے ۔ اب جوٹھوس اقدامات اٹھانے جارہے ہیں ان کے با رے میں وہ چیمبر میں بتاسکتے ہیں ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ چیمبر میں نہ بتائیں ۔ سربمہر لفافے میں تفصیلات بتادیں ۔ کچھ سمجھ نہیں آرہا کہ معاشرہ کیسے چلے گا؟ ۔ دھرنے میں کون کون ہیں؟ ۔غیر ملکی توشامل نہیں؟۔ حکومت خاموش ہے اور خفیہ ادارے اپنا کام ٹھیک نہیں کررہے ۔ دھرنے والوں کی سپلائی لائن کیوں نہیں کاٹی گئی؟ ۔ انہیں چائے کون دے رہا ہے؟ کنٹینرز سمیت دیگر معاملات کا خرچہ کو ن اٹھائے گا؟ ۔ ایک بچہ جان سے گیا ہے اور اس کا خون ہمارے اوپر بھی ہے۔
جسٹس مشیر عالم کا کہنا تھا کہ کیا پنجاب حکومت یرغمال بن چکی ۔ حکومت مذاکرات توکررہی ہے لیکن پہلے کے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا ۔کیا دوبارہ ایک اور دھرنا دیا جائیگا۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے دھرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں تو کسی کو مسکرا کر بھی دیکھنا صدقہ ہے ۔ گالم گلوچ اور گھٹیا قسم کی زبان استعمال کی جارہی ہے ۔ اس سے اسلام کی عظمت متاثر ہورہی ہے ۔ دشمنوں کے سامنے نظریں جھکانا پڑ رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہے تو سوشل میڈیا پر دھرنے والوں کی شہرت روکنے کیلئے درخواست دے سکتی ہے ۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر خفیہ اداروں کے حکام کو طلب کرلیا اور حکومت کو ہدایت کی کہ دھرنے کے خاتمے سے متعلق پیشرفت رپورٹ دی جائے ۔ کیس کی مزید سماعت آئندہ جمعرات کو ہوگی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے دھرنے سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی رخصت کے باعث ملتوی کردی۔