Thursday, April 25, 2024

فیض آباد دھرنا ختم کرانے کے لیئے عدالت کی انتظامیہ کو کل تک کی ڈیڈلائن

فیض آباد دھرنا ختم کرانے کے لیئے عدالت کی انتظامیہ کو کل تک کی ڈیڈلائن
November 17, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد میں11روز سے جاری تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کا اختتام قریب ہوگیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتظامیہ کو دھرنا ختم کرانے اور رکاوٹیں ہٹانے کےلئے 18نومبر کی صبح 10بجے تک کا وقت دیدیا۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے شہری عبدالقیوم کی دائر درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ دین میں تو حکم ہے کہ جنگ کے دنوں میں بھی بوڑھے بچے اور خواتین کو کچھ نہ کہا جائے۔

اسلام آباد میں دھرنے اورمظاہرے کے لیے جگہ مختص کی جا چکی ہے۔ کوئی شہری اپنے آزادی اظہار رائے کے استعمال کے دوران یہ خیال رکھے کہ اس سے دوسرے شہری کو تکلیف نہ ہو۔ دھرنا ختم کرانے کےلئے انتظامیہ اپنے اختیارات کے استعمال میں ناکام رہی۔ عدالت نے حکم دیا کہ 18نومبر کی صبح 10بجے تک سارے راستے صاف ہونے چاہئیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن( ر) مشتاق اور ڈی آئی جی آپریشن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈی سی نے بتایا کہ دھرنے میں 1800سے 2ہزار کے قریب لوگ موجود ہیں۔ ان کے پاس پتھر اور ڈنڈے ہیں سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین نے ہتھیار بھی جمع کررکھے ہیں۔