Friday, April 26, 2024

فیض آباد دھرنا ختم کرانے کیلئے پولیس نے آپریشن شروع کر دیا

فیض آباد دھرنا ختم کرانے کیلئے پولیس نے آپریشن شروع کر دیا
November 25, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) فیض آباد میں ناموس رسالت قانون میں ترمیم کرنے والوں کو بےنقاب کرنے کا مطالبہ لئے بیٹھے پرامن مظاہرین کیخلاف طاقت کا استعمال شروع کردیا گیا۔ پولیس اور ایف سی کے دستوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے شیلنگ اور پتھراؤ شروع کردیا، علاقے میں دھوویں کے بادل چھا گئے، شیلنگ سے سانس لینا محال ہوگیا۔

آنسو گیس سے قریبی آبادیوں کی مکین بھی متاثر ہو رہے ہیں، فیض آباد میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا، پتھراؤ اور شیلنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔

دھرنا قائدین مطالبات پر قائم ہیں، انہوں نے کہا ہے وہ کوئی ذاتی مفادات کی خاطر نہیں بلکہ ناموس رسالت قانون کے تحفظ کے لیے بیٹھے ہیں۔ ریاست کی جانب سے اپنے ہی لوگوں پر تشدد کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، تاہم ایسے واقعات قوم میں انتشار اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت 'تحریک لبیک یارسول اللہ'کے دھرنے کو آج 20 روز ہوگئے، جسے ختم کرانے کے لیے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔