Friday, May 17, 2024

فیض آباد دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری فیصلہ جاری

فیض آباد دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری فیصلہ جاری
February 6, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا از خود نوٹس کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ 45صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریری کیا ، فیصلہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا۔ عدالت نے  فیصلے میں قرار دیا کہ قانون شکنی پر سزا نہیں ہوگی تو ان کا حوصلہ بڑھے گا،دھرنے  کے دوران  ملک کو روزانہ 88ارب سے زائد کا نقصان پہنچا جب کہ  16 کروڑ  39 لاکھ 52 ہزار کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ سیاسی جماعت بنانا اور احتجاج کرنا سب کا آئینی حق ہے مگر احتجاج کے حق سے دوسرے کے بنیادی حق متاثر نہیں ہونے چاہئیں ، مظاہرین کیخلاف کارروائی ضروری ہے ۔ فیصلے میں  عدالت نے قرار دیا کہ  سانحہ 12 مئی کے ذمہ دار حکومتی عہدیداروں کو سزا نہ ملنے سے غلط روایت پڑی ، سانحہ پر ریاست کی ناکامی نے دیگر لوگوں کو اپنے مقصد کیلئے تشدد کی راہ دکھائی۔ عدالت نے فیصلے کی کاپی حکومت پاکستان، سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ  اور  قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔