Saturday, May 18, 2024

فیض آباد انٹرچینج پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا جاری

فیض آباد انٹرچینج پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا جاری
November 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) فیض آباد انتر چینج پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے ۔ شرکا کا حوصلہ اور حکومت کی ڈھٹائی دونوں برقرار رہیں ۔
فیض آباد انٹر چینج میں تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے شرکا کا عزم سخت سردی میں بھی برقرار ہے ۔ دھرنے کے شرکا ہر مسلمان ختم نبوت کا پہرے دار، ہر سازش جائے گی بیکار ، یہ سن لے سرکار کی صدائیں بلند کررہاہے ۔
دھرنے کے شرکا کے پاس سونے کیلئے خیمے اور بیٹھنے کیلئے دریاں ہیں ۔ وضو کیلئے پانی کی ٹینکیاں اور نماز ادائیگی کیلئے صفیں موجود ہیں ۔ تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے شرکاء نے پڑاؤ کا مصمم ارادہ کر لیا ہے ۔ فیض آباد کا پورا علاقہ صبح سویرے سے ہی تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھتا ہے ۔
دھرنے کے شرکا آنے جانے والے شہریوں کا لہو بھی گرما رہے ہیں ۔ تحریک کے قائدین کا کہنا ہے کہ عزم غیر متزلزل ہے ۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ختم نبوت حلف نامے میں ردو بدل کے ذمہ دار وفاقی وزیر زاہد حامد کی برطرفی تک پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
دوسری جانب حکومت مذاکرات سے مسلسل بھاگ رہی ہے ۔ انتظامیہ نے رکاوٹیں بڑھا دی ہیں ۔ جگہ جگہ کنٹینرز ، بیریئرز لگا کر راستے بند کر دیئے گئے ہیں جن سے شہری ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔