Wednesday, April 24, 2024

فیض آباد آپریشن کے ردعمل میں ملک بھر میں احتجاج، سڑکیں بند

فیض آباد آپریشن کے ردعمل میں ملک بھر میں احتجاج، سڑکیں بند
November 25, 2017

اسلام آ باد (92 نیوز) 'تحریک لبیک' کی جانب سے گزشتہ 19 روز سے دھرنا جاری تھا جس کو ختم کرنے کے عدالتی حکم کےبعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری آپریشن کررہی ہے۔

اسلام آباد آپریشن کے رد عمل میں ملک کے مختلف علاقوں میں رد عمل آنا شروع ہوچکا ہے۔

کراچی میں شارع فیصل، اسٹار گیٹ، ملیر، پرانی سبزی منڈی اور دیگر علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔ پولیس نے اسٹارگیٹ پر احتجاج کرنےو الے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

لاہور میں بھی آپریشن کے خلاف ممکنہ رد عمل کے خدشے کے پیش نظر داتا دربار کو بند کردیا گیا ہے جب کہ شہر میں سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مظاہرین نے شاہدرہ پر ایک گاڑی کو بھی آگ لگادی جس کےبعد پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

سیالکوٹ میں بھی چند مظاہرین نے احتجاج کیا جہاں سمبڑیال میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی گئی تاہم پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کردیا۔