Thursday, May 9, 2024

فیصل واوڈا نا اہلی کیس ، وفاقی وزیر کو جواب داخل کرانے کیلئے 14 اکتوبر تک مہلت

فیصل واوڈا نا اہلی کیس ، وفاقی وزیر کو جواب داخل کرانے کیلئے 14 اکتوبر تک مہلت
September 17, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) فیصل واوڈا نااہلی کیس  میں  اسلام آباد ہائی کورٹ نے  وفاقی وزیر جواب داخل کرانے کے لیے 14 اکتوبر تک مہلت  دی دی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کی جانب سے بتایا گیا کہ فیصل واؤڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپائی، حقائق  چھپانے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دیا جائے۔

فیصل واوڈا کے وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ  جواب داخل کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ  اس حوالے سے الیکشن کمیشن میں بھی کوئی پروسیڈنگ زیر التوا ہے؟ ۔ جس پر فیصل واوڈا کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں بھی ڈس کوالیفیکیشن کا کیس چل رہا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کی نا اہلی کے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔