Friday, April 26, 2024

فیصل واوڈا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

فیصل واوڈا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی
March 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) فیصل واوڈا قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔ نااہلی کیس میں استعفے کی کاپی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔

جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت  کی۔ دوران سماعت وکیل صفائی نے بتایا کہ ان کے موکل فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ فیصل واوڈا آج سینیٹ الیکشن کے لئے حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ابھی فیصل واوڈا کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا۔ وکیل نے فیصل واوڈا کا استعفیٰ جمع کراتےہوئے موقف اپنایا کہ ان کے موکل کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر درخواست غیر موثر ہو چکی ہے۔ عدالت اس درخواست کو خارج کرے۔

درخواست گزار بیرسٹرجہانگیرجدون نے دلائل دیئے کہ فیصل واوڈا نے دہری شہریت نہ رکھنے کا جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔ وہ صادق و امین نہیں رہے۔

جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول جمع کرائے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور ان کی سکروٹنی سمیت الیکشن کی کیا تاریخ تھی؟ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔