Friday, April 26, 2024

فیصل رسول نے کمانڈر کراچی اور زاہد الیاس نے کمانڈر کوسٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

فیصل رسول نے کمانڈر کراچی اور زاہد الیاس نے کمانڈر کوسٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
October 19, 2020
کراچی (92 نیوز) وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے بطور کمانڈر کراچی اور وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے بطور کمانڈر کوسٹ دو مختلف تقاریب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ کمانڈر کراچی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی اب کراچی میں پاک بحریہ کی تمام اسٹیبلشمنٹس اور ٹریننگ یونٹس کے سربراہ ہوں گے جبکہ کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس اب کوسٹل اور کریکس ایریاز میں پاک بحریہ کے تمام یونٹس کے ساتھ ساتھ اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور پاک میرینزکے کمانڈر ہوں گے۔ کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی وسیع پیمانے پر کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کے ساتھ ایک بہترین کیریئر کے حامل ہیں۔ کمانڈ کی ان کی اہم تقرریوں میں کمانڈنگ افسر پی این ایس طارق ، ڈائریکٹر پاکستان نیوی ٹیکٹیکل اسکول اور فلیگ آفیسر سی ٹریننگ شامل ہیں۔ ان کی نمایاں اسٹاف تقرریوں میں ڈائریکٹنگ اسٹاف پاکستان نیوی وار کالج ، نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر نیول وارفیئر اینڈ آپریشنل پلانز ، فلیٹ آپریشن آفیسر ،کمانڈر پاکستان فلیٹ کے چیف اسٹاف آفیسر ، لائزن افسریو ایس سینٹ کام یو ایس اے ، نیول سکریٹری اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) نیول ہیڈ کوارٹر ، اسلام آباد شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے وزارت دفاع میں ایڈیشنل سیکرٹری III کی حیثیت سے فرائض بھی انجام دیئے ہیں۔ وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی پاکستان نیوی وار کالج لاہور ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور برطانیہ اور فلپائن سے پروفیشنل کورسز کر چکے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے بین الاقوامی سلامتی اور اسٹریٹجک علوم میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ کمانڈر کراچی کی حیثیت سے فرائض سنبھالنے سے قبل وہ کمانڈر کوسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی قابل تحسین خدمات کے اعتراف میں وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔ کمانڈر کوسٹ ، وائس ایڈمرل زاہد الیاس کا وسیع پیمانے پر کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کے ساتھ ایک ممتاز کیریئر رکھتے ہیں۔ کمانڈنگ آفیسر پی این ایس بابر اور پی این ایس ذوالفقار ، کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ، کمانڈر 18 ویںڈسٹرائر اسکواڈرن اور کمانڈر سنٹرل پنجاب / کمانڈنٹ پی این وار کالج ، لاہور ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے بحرین کے ہیڈکوارٹر NAVCENTمیں کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 (CTF-151 ) کی بھی کمانڈ کی ہے۔ ان کی ممتاز سٹاف تقرریوں میں نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں پرنسپل سکریٹری ٹو نیول چیف، ڈائریکٹر جنرل C4I اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیویشن) نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد شامل ہیں۔ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ چھاونی گوادر برانچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وائس ایڈمرل زاہد الیاس پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ، اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے برطانیہ سے ملٹری آپریشنل ریسرچ میں ماسٹرز اور چین سے سینئر نیول کمانڈ کورس بھی کیا ہے۔ کمانڈر کوسٹ کے فرائض سنبھالنے سے قبل وائس ایڈمرل زاہد الیاس کمانڈر کراچی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی بہترین خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ تبدیلی کمانڈ کی دو مختلف تقریبات کے دوران دونوں افسران کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کو متعلقہ کمانڈز کے تحت یونٹس کے کمانڈنگ آفیسرز سے متعارف کرایا گیا۔ ان تقریبات میں پاک بحریہ کے افسران ، سی پی اوز / سیلرز اور نیوی سویلینز شریک تھے۔