Thursday, April 18, 2024

فیصل آباد کی تاجر برادری کادھرنےاور مارچ سے لاتعلقی کا اظہار

فیصل آباد کی تاجر برادری کادھرنےاور مارچ سے لاتعلقی کا اظہار
October 26, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز)  فیصل آباد کی تاجر برادری نے دھرنے اور مارچ سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ،  پولیس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرکاء نے تاجروں اورمذہبی جماعتوں سے دھرنے میں شریک نہ ہونے کی اپیل بھی کردی۔ آر پی او آفس فیصل آباد میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر برادری نے  مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے اور مارچ سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ اس موقع پرڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کا کہنا تھاکہ ملکی سلامتی کے لیے ہم سب ایک پیج پر اکٹھے ہیں، آر پی او غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ علماء اور تاجروں نے یقین دلایا ہے کہ کسی قسم کا دھرنا نہیں دیں گے، تاہم کسی نے بھی قانون ہاتھ میں لیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ تاجر رہنما خواجہ شاہد رزاق سکا کا کہنا تھا کہ یہ وقت دھرنے اور لانگ مارچ کا نہیں ہے لوگوں سے کہوں گا کہ دھرنے میں جانے کی بجائے اپنے کام پر دھیان دیں، ہم حکومت کےساتھ ہیں، ہماراکوئی بھی کارکن دھرنے میں شریک نہیں ہوگا۔ امن کمیٹی کے ممبر مفتی ضیاء مدنی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو کہوں گا ملک پر رحم کھائیں اورمذہب یا دین کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کریں۔