Friday, March 29, 2024

فیصل آباد ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

فیصل آباد ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت
October 22, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد میں انسدادِ اسموگ کے انتظامات کے تحت ٹریفک پولیس بھی متحرک ہوگئی ،سی ٹی او نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔

فیصل آباد  میں فضائی آلودگی کی خطرناک قسم اسموگ کے خطرات منڈلانے لگے تو وارڈنز نے دھواں چھوڑتی گاڑیوں کیخلاف کارروائی کیلئے  چالان بکس تیارکرلیں ، رواں ماہ کے پہلے تین ہفتوں میں 2 لاکھ 40 ہزار 9 سو روپے کے چالان کر ڈالے۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی انسدادِ اسموگ حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں ، دفاتر میں موجود 50 وارڈنز کو بھی فیلڈ میں تعینات کردیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیساتھ ساتھ انسداد سموگ کریک ڈاؤن جاری رہے۔

ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کے سلسلہ میں سی ٹی او کا کہنا ہے کہ وارڈنز کی غیرموجودگی میں شہری قوانین کی زیادہ خلاف ورزیاں کرتے ہیں مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر کسی کو انفرادی طور پر قانون کی عملداری یقینی بنانا ہوگی۔