Wednesday, April 24, 2024

فیصل آباد میں اسکول کھلتے ہی کورونا کیسز پھر بڑھنے لگے

فیصل آباد میں اسکول کھلتے ہی کورونا کیسز پھر بڑھنے لگے
January 25, 2021

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں اسکول کھلتے ہی ایک بار پھر کورونا کیسز سامنے آنے لگے، سمندری اور مکوآنہ میں سرکاری اسکولوں کے دو اساتذہ سمیت 9 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔

کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، فیصل آباد میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی کورونا وائرس پنجے گاڑنے لگا، شہر کے دو سرکاری ہائی اسکولوں میں 2 اساتذہ اور 7 طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 سمندری کے استاد ناصر شہزاد ، محمد عدیل اور ایک طالبعلم میں کورونا کی تصدیق ہوئی، ادھر مکوآنہ میں بھی سرکاری ہائی اسکول میں کورونا کے 6 مثبت کیسز سامنے آگئے۔

اسکولوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر محکمہ صحت کے افسران بھی سر جوڑ کربیٹھ گئے ہیں جبکہ اسکول سربراہان کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔