Friday, April 19, 2024

فیصل آباد انتظامیہ نے پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کر دیا

فیصل آباد انتظامیہ نے پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کر دیا
July 18, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز)  صنعتی شہر کوسرسبزوشاداب بنانے کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ، فیصل آباد انتظامیہ نے پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کر دیا۔

فیصل آباد کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز کردیا، مون سون کے دوران قریہ قریہ نگر نگر شجرکاری کی جائے گی۔ مہم کی افتتاحی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جہاں  ڈویژنل کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی اور آر پی او رفعت مختار راجہ نے ملکر پودا لگایا، افسران کے مطابق ڈویژن بھر میں 5 لاکھ پودے لگانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تقریب کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ماحول کو سرسبز اور صحت دوست بنانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، ڈپٹی کمشنر کے مطابق  ماضی  میں لگائے گئے پودوں کا خیال نہ رکھا جا سکا، اب کی بار نئے عزم سے نکلے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق  مخیر حضرات  کو بھی مہم میں شامل کرکے شہر کی خوبصورتی کو مزید نکھارا جائے گا۔درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ، تو آئیں آپ بھی مہم کا حصہ بنیں ، اپنے حصے کا پودا لگائیں اور ماحول کو خوشگوار بنائیں ۔