Tuesday, May 14, 2024

فیصل آباد: یو سی ایک سو چھپن میں بغیر اطلاع ووٹوں کی دوبارہ گنتی، ن لیگ کا احتجاج، رانا ثنا اللہ کیخلاف شدید نعرے بازی

فیصل آباد: یو سی ایک سو چھپن میں بغیر اطلاع ووٹوں کی دوبارہ گنتی، ن لیگ کا احتجاج، رانا ثنا اللہ کیخلاف شدید نعرے بازی
November 3, 2015
فیصل آباد (نائنٹی ٹو نیوز) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے حلقہ یو سی ایک سو چھپن میں بغیر اطلاع ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے خلاف ن لیگ کے کارکنان نے چناب چوک میں ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے رانا ثنا اللہ کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی اور متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فیصل آباد میں یونین کونسل ایک سو چھپن گرونانک پورہ سے بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ کے امیدوار خواجہ محمد رضوان نے پچیس سو دو ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار قمر اقبال چوبیس سو چوراسی ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تاہم ریٹرننگ افسر کی جانب سے نتیجے کے اعلان اور نوٹیفکیشن کے بعد ایک بار پھر ووٹوں کی گنتی کیخلاف مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر چناب چوک مکمل طور پر بند کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے جیتنے والے امیدوار کو مطلع کئے بغیر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی اور رانا ثنا اللہ کے کہنے پر ووٹوں کے تھیلے دوبارہ کھولے جو قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ اسی دوران مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی بھی ہو گئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا۔