Tuesday, April 16, 2024

فیصل آباد : گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف صنعتکاروں کا شدید احتجاج

فیصل آباد : گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف صنعتکاروں کا شدید احتجاج
November 28, 2016

فیصل آباد(92نیوز)فیصل آباد کے صنعتکار گیس لوڈشیڈنگ اورگیس کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی کا فائدہ نہ ملنے پر پنجاب بھر کے صنعت کار سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔  صنعتکاروں نے چھ دسمبر کو یوم سیاہ منانے اور سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق  توانائی بحران نے صنعتکاروں کو ایک بار پھر سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے، گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں کمی نے نیا تنازع کھڑا کر دیا فیصل آباد میں صنعت کاروں نے حکومت کے اس امتیازی سلوک کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور چھ دسمبر کو پنجاب بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اجمل فاروق، صدر چیمبر آف کامرس شیخ سعید احمد و دیگر صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ گیس سستی کرنے کا فائدہ صرف سندھ کو ہوگا ،، پنجاب کی تمام انڈسٹری آر ایل این جی پر چل رہی ہے پیداواری لاگت میں فرق آنے سے وہ بین الاقوامی تو دورملکی مارکیٹ میں بھی مقابلہ نہیں کر پا رہے۔

صنعتکار کہتے ہیں کہ سندھ میں چار سو جبکہ پنجاب میں نو سو چونتیس روپے ایم ایم بی ٹی یو ریٹ پر گیس مل رہی ہے رواں مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات کی مد میں 185 ملین ڈالر کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔