Friday, April 19, 2024

فیصل آباد ، گھریلو ملازمہ کو مالک اور مالکن نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا

فیصل آباد ، گھریلو ملازمہ کو مالک اور مالکن نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا
June 9, 2019
 فیصل آباد (92 نیوز) گھریلو ملازمین پر تشدد کا سلسلہ نہ رک سکا اور فیصل آباد میں سات سالہ گھریلو ملازمہ بچی کو مبینہ طور پر مالک اور مالکن نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ سات سالہ یتیم ماریہ پولیس کو سڑک پر بھاگتے ہوئے ملی۔ پولیس کے مطابق بچی کے ہاتھوں کی انگلیاں ٹوٹی ہوئیں، بازؤں، چہرے اور کان پر زخم کے نشان ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق فرانزک رپورٹ کروانے کیلئے نمونے لاہور بھیج دئیے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ قبل ازیں گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور کیس سامنے آگیا ۔ استری کرتے ہوئے قیمتی کپڑے جل جانے پر مالکن نے 10 سالہ خدیجہ پر وحشیانہ تشدد کر کے معصوم کے بازو اور ٹانگیں زخمی کر دیں،استری لگا کر اس کا پیٹ اور کمر جلا دی۔ گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعات میں تیزی آتی جا رہی ہے ، ایس ایچ اونوشہرورکاں کے مطابق نوشہرورکاں کی 10 سالہ خدیجہ اقبال ٹاؤن لاہور میں وسیم نامی شخص کے گھر کام کرتی تھی۔ پولیس کے مطابق  بچی پرمبینہ طور پرتشدد کیا گیا، والدین بچی کو نوشہرہ ورکاں لے آئے اور علاج کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹرزاسپتال داخل کروایا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی طرف سے بچی کے ورثا کو مکان،علاج اور پیسوں کا لالچ دیا جاتا رہا ۔