Monday, September 16, 2024

فیصل آباد ، گارمنٹس شاپ کے ٹرائی روم سے خفیہ کیمرے برآمد

فیصل آباد ، گارمنٹس شاپ کے ٹرائی روم سے خفیہ کیمرے برآمد
February 8, 2018

فیصل آباد ( 92 نیوز )  فیصل آباد میں گارمنٹس کے معروف برانڈ کی شاپ میں خفیہ کیمرے برآمد ہوئے ہیں ۔ پولیس نے منیجر سمیت دونوں افراد کو گرفتار کر لیا۔ملزموں نے جرم تسلیم کر لیا ہے ۔  دوسری جانب پولیس نے ٹرائی روم سمیت دکان کے تمام کیمروں کا ریکارڈ قبضے میں لیکر مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔

ڈی گراؤنڈ فیصل آباد میں معروف برانڈ کی شاپ میں خفیہ کیمرے برآمد ہونے کے واقعے نے ہلچل مچا دی ہے ، گرفتار دو ملزموں نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا ہے  ۔ پولیس کے مطابق ملزم فیاض نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے منیجر رضوان سے ملکر تین خواتین کی ویڈیوز بنائیں ۔

پولیس نے فی میل ٹرائی روم کے کیمرے سمیت تمام کیمروں کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے تاکہ مزید ریکارڈ اگر موجود ہو تو اسے بھی حاصل کیا جا سکے ۔  پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے دکان مالک کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے ۔

ملزمان فی میل ٹرائی روم میں گتے کے ڈبے میں خفیہ کیمرے نصب کرکے خواتین کی ویڈیوز بناتے تھے جس پر انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی ہے اور تمام برانڈز کی شاپس کا معائنہ کرنے کیلئے بھی متحرک نظر آ رہی ہے ۔