Friday, March 29, 2024

فیصل آباد کے شہری سستے آٹے کی فکر میں کورونا وائرس کو بھول گئے

فیصل آباد کے شہری سستے آٹے کی فکر میں کورونا وائرس کو بھول گئے
March 24, 2020
 فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد کے شہری سستے آٹے کی فکر میں کورونا وائرس کو بھول گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے سستے بازار میں لگے آٹے کے اسٹال پر شہریوں کا رش لگ گیا۔ غلام محمد آباد میں آٹے کے حصول کے لیے شہریوں کی دھکم پیل جاری رہی۔ ملتان میں بھی شہریوں کا سڑکوں پر مٹرگشت دیکھا گیا۔ آٹے کے حصول کیلئے دکانوں کے باہر شہری خریداری کرتے رہے۔ پنجاب حکومت نے لاک ڈائون کا اعلان تو کر دیا لیکن سرکاری ادارے عملدرآمد کرنے میں مکمل کامیاب دکھائی نہیں دے رہے۔ فیصل آباد میں پولیس موبائلز شہریوں کو منتشر کرنے کیلیے میدان میں تو ہیں لیکن غیر سنجیدہ عوام ایسے مٹر گشت کر رہے ہیں جیسے اتوار کی چھٹی منا رہے ہیں۔ شہر بھر کی مارکیٹیں اور تجارتی مراکز بند تاہم کھانے پینے سمیت عام ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کرنے والی دکانیں کھلی ہیں۔ شہریوں کا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ لاک ڈاؤن کا حقیقی مقصد حاصل کرنے کے لیے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔