Wednesday, April 24, 2024

فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں شہریوں کا رش جوں کا توں

فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں شہریوں کا رش جوں کا توں
March 23, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے  فیصل آباد  کے سرکاری اسپتالوں میں انوکھے انتظامات دیکھنے میں آرہے ہیں ، ایک طرف کورونا کے مریضوں کیلئے  آئسولیشن سینٹرز بنادئیے تو دوسری طرف  او پی ڈیز میں پرانی پریکٹس  جوں  کی توں جاری ہے ، مریضوں کا جم غفیر احتیاطی تدابیر کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔

خونی وائرس کے وار سے بچنا ہے تو رش کم اور فاصلہ مناسب رکھیں ، لیکن فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں کے آوٹ ڈور وارڈز ان ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہیں۔

 فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ہی حال ملاحظہ کیجیے ، او پی ڈی میں دوائی کے حصول کے لیے مریضوں اور ان کے گھر والوں کا ایسا رش لگا ہے کہ تل دھرنے کو جگہ نہیں ،  ماسک پہنا جارہا ہے   نہ ہی فاصلہ رکھا جا رہا ہے۔

اسپتال انتظامیہ او پی ڈی کو بڑے ہال میں شفٹ کرنے پر صرف سوچ بچار ہی کر پائی ہے   ۔ اسپتال انتظامیہ کی عوام سے پر زور اپیل ہے کہ اگر مریض ادویات لینے خود آ سکتا ہے تو گھر والے ساتھ مت آئیں۔

رش کم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن کی سہولت بھی متعارف کروائی جا رہی ہے جس سے مریض گھر بیٹھے ڈاکٹر سے ہدایات لے سکتے ہیں لیکن گھروں میں ادویات پہنچانے کے لیے سرکاری اسپتال عوام سے معذرت خواہ ہیں۔