Thursday, March 28, 2024

فیصل آباد کینال ایکسپریس وے منصوبہ اکنامک کوریڈور ہے، ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا: وزیراعلیٰ پنجاب

فیصل آباد کینال ایکسپریس وے منصوبہ اکنامک کوریڈور ہے، ہزاروں لوگوں کو روزگار ملے گا: وزیراعلیٰ پنجاب
May 2, 2015
فیصل آباد (92نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں تاریخی اور بڑے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ فیصل آباد سے ملحقہ آبادیوں کو انڈرپاسز اور فلائی اوورز کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ کوشش ہے کہ اسی سال اس منصوبے کو مکمل کر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد آمد کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے فیصل آباد میں گٹ والا کینال میگا پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کینال ایکسپریس وے کا منصوبہ عوام کیلئے اکنامک کوریڈور کی حیثیت رکھتا ہے۔ ستائیس کلومیٹر طویل سڑک کا منصوبہ 6 فلائی اوورز اور 4 انڈرپاسز پر مشتمل ہے جبکہ اس میگاپراجیکٹ پر 16ارب روپے صرف ہوں گے، فیصل آباد کے عوام کیلئے یہ ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام کرکے 2015ءکے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے فیصل آباد کی 5 تحصیلیں موٹروے سے منسلک ہو جائیں گی۔ کینال ایکسپریس وے کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کے مانچسٹر میں تجارتی، معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا گرلز ہاسٹل پچاس کروڑ کی لاگت سے بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب گرلز ہاسٹل کی تعمیر کے مراحل بہت تیزی سے مکمل کریگی۔ ایگر یکلچر یونیورسٹی فیصل آباد دنیا کی پہلی سو بہترین یونیورسٹیز میں شامل ہے، زراعت اور لائیوسٹاک ملک کی معاشی ترقی کےلئے اہم پیشے ہیں۔