Thursday, April 25, 2024

فیصل آباد کی صنعتی تنظیموں نے شہر میں قرنطینہ سنٹربنانے کی مخالفت کر دی

فیصل آباد کی صنعتی تنظیموں نے شہر میں قرنطینہ سنٹربنانے کی مخالفت کر دی
March 21, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد کی صنعتی تنظیموں نے شہر میں قرنطینہ سنٹر بنانے کی مخالفت کر دی،  شہر کے وسط میں سنٹر بنانے کا مطلب لاکھوں شہریوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا ہے ، انتظامیہ ایرانی زائرین کے لیے شہر سے باہر قرنطینہ سنٹرز بنائے کھانے سمیت تمام سہولیات دینے کو تیار ہیں۔

فیصل آباد کے صنعتکاروں نے  ایران سے آنیوالے زائرین کے لیے شہر کے وسط میں یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں قرنطینہ سنٹرز بنانے کا فیصلے پر کہا کہ یہ کسی بھی طرح درست نہیں لاکھوں شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی جائیں، صنعتکاروں نے اس حوالے سے انتظامیہ کے ممکنہ فیصلے کی بھرپور مخالفت کردی۔

مختلف صنعتی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے پیشکش کی کہ قرنطینہ سنٹر جھنگ روڈ پر پارس، انجینئرنگ یونیورسٹی کھرڑیانوالہ سمیت  شہر سے باہر کسی بھی سرکاری عمارت پر بنایا جائے تو مکمل تعاون کو تیار ہیںلیکن شہر کے اندر سنٹر کے قیام کو تسلیم نہیں کریں گے۔

صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ کورونا کا وار صنعتوں پر بھاری پڑا ہے ۔ امریکہ، یورپ اور دیگر اہم ممالک سے ان کے اربوں روپے کے برآمدی آرڈرز منسوخ ہو چکے ہیں اور ویلیو ایڈڈ انڈسٹری سنگین بحران سے دوچار ہے۔

بحران کے باعث انڈسٹری چلانے کیلئے فنڈز ختم ہو چکے ، اب تو مزدوروں کو اجرت دینے کے بھی پیسے نہیں بچے، وزیر اعظم دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ریلیف دینے کا اعلان کریں۔

صنعت کاروں نے ٹیکسز میں چھوٹ، یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی تین ماہ کیلئے موخر کرنے اور آئندہ بجٹ میں پانچ زیرو ریٹیڈ سیکٹرز کیلئے ماضی کا زیرو ریٹنگ نو پے منٹ نو ریفنڈ سیلز ٹیکس نظام بھی بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔