Friday, April 19, 2024

فیصل آباد کا شہری حلقہ پی پی 110 مسائل کی آما جگاہ بن گیا

فیصل آباد کا شہری حلقہ پی پی 110 مسائل کی آما جگاہ بن گیا
June 29, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد کا شہری حلقہ پی پی ایک سو دس نکاسی آب اور گیس کی عدم فراہمی سمیت متعدد مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جہاں گزرے پندرہ سال کے دوران ایک ہی لیگی رہنما مسلسل تین بار منتخب ہوئے لیکن نمائندوں نے اقتدار کا مزہ لوٹا اور عوام مسائل کی چکی میں پس کر رہ گئے۔ عام انتخابات میں ووٹرز کی کوشش ہوتی ہیں کہ وہ اس نمائندے کو منتخب کریں جو ان کے مسائل کا فوری حل تلاش کرے لیکن فیصل آباد کے حلقہ پی پی ایک سو دس کے عوام شائد بد قسمت رہے جو گرزے کئی سال کے دوران اپنے چھوٹے چھوٹے مطالبات بھی منظور نہ کروا سکے اور سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مسائل کی دلدل میں گھرے ہوئے ہیں۔ 2002ء میں اس حلقہ سے نواز ملک رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔  2008ء اور پھر 2013ء میں عوام نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا لیکن حلقہ کی حالت نہ سدھری۔ متعدد علاقوں میں نکاسی آب کا نظام تباہ ہوا پڑا ہے۔   ووٹرز گیس کی عدم فراہمی کا شکوہ بھی کرتے ہیں۔ جگہ جگہ بنے جوہڑ اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر مکینوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں۔ غلام محمد آباد، رضا آباد، کوکیانوالہ، شہباز ٹاؤن، مدن پورہ اور کلیم شہید کالونی سمیت دیگر علاقوں میں سیوریج کے مسائل بھی حل نہ ہو سکے۔ حکومتی جماعت کا حصہ ہونے کے باوجود حلقہ میں ہونے والے ترقیاتی کام آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ اسی لیے تو ووٹرز پرانے نمائندوں سے ناامید نظر اتے ہیں۔