Sunday, May 5, 2024

فیصل آباد کا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم تباہ حالی کا شکار

فیصل آباد کا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم تباہ حالی کا شکار
January 4, 2019
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں قومی کھیل ہاکی تباہی کے دہانے پہنچ گیا۔ کھلاڑی کی حکومت ہونے کے باوجود شہر کے اکلوتے ہاکی اسٹیڈیم کی حالت جوں کی توں ہے۔ گراونڈ میں لگی ٹرف کئی سالوں سے خراب اور چینجنگ روم بھوت بنگلے کے مناظر پیش کر رہا ہے۔ کہنے کو تو ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے مگر اس کے معیار میں گراوٹ کی نشانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فیصل آباد کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم کو ہی دیکھ لیجئے جہاں لگا آسٹروٹرف نہ صرف 8 سال قبل اپنی معیاد پوری کرچکا بلکہ اپنی اصل پہنچان بھی گنوا بیٹھا ہے۔ پاکستان کے تیسرے بڑے ہاکی اسٹیڈیم کی خستہ حالی ایسی کہ اطراف کے جنگلے بھی غائب ہو چکے ہیں۔ 1994 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں فیصل آباد کے پانچ کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ رہے جو موجودہ صورتحال کا قصوروار حکومتوں کو گردانتے ہیں۔ کمشنر کا کہنا ہے کہ اسٹیڈم کے بحالی کے لیے حکومت پنجاب کو درخواست دے رکھی ہے۔ 2007کے بعد فیصل آباد ہاکی اسٹیڈیم میں کوئی انٹر نیشل میچ نہ ہوسکا جبکہ ملک میں کھلاڑی یعنی عمران خان کی حکومت آنے پر بہتری کی امید تو جاگی مگر اب وہ بھی دم توڑتی دکھائی دے رہی ہے۔ قومی کھیل ہاکی کی زبوں حالی اب ضلعی درجے تک آپہنچی ہے۔ شہر کے اکلوتے ہاکی اسٹیڈیم کا برا حال اس کھیل کے بگڑے حالات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔