Friday, May 17, 2024

فیصل آباد ڈویژن کا اکلوتا برن سینٹر مریضوں کیلئے ناکافی پڑ گیا

فیصل آباد ڈویژن کا اکلوتا برن سینٹر مریضوں کیلئے ناکافی پڑ گیا
January 29, 2019
فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد ڈویژن کا اکلوتا اور صرف پانچ بیڈز پر مشتمل برن سنٹر مریضوں کیلئے ناکافی پڑ گیا۔ پاکستان کے مانچسٹر کہلائے جانے والے شہر سمیت دیگر علاقوں سے روزانہ درجنوں مریض علاج کیلئے سنٹر میں لائے جاتے ہیں لیکن بستروں  کی قلت پر وہ موت کے منہ میں جا رہے ہیں ۔ فیصل آباد میں الائیڈ اسپتال کا برن سنٹر ضرورت کے مطابق ناکافی پڑ گیا، کیوں کہ سینکڑوں مریض اور ایمرجنسی وارڈ میں صرف پانچ بیڈز موجود ہیں ۔ جھلسنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں، کیونکہ اسپتال عملہ برن کے مریض کو میڈیکل اور سرجیکل ایمرجنسی میں رکھنے پر مجبور ہے ۔ فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں آتشزدگی یا صنعتی یونٹس میں بوائلر اور خطرناک کیمیکلز سے جھلسنے والوں کو بھی اسی برن یونٹ میں لایا جاتا ہے، ہیٹر، گیزر اور دیگر حادثات میں گزرے تین ماہ کے دوران 825 مریض یہاں لائے گئے۔ بیڈز نہ ملنے پر لائے گئے مریضوں کو  دیگر وارڈز میں انتظار کی سولی پر لٹکایا گیا، اسپتال انتظامیہ خود ان مسائل کا اعتراف کرتے ہوئے وسائل کی کمی کا رونا رورہی ہے ۔ برن سنٹر کی تاخیر سے تعمیر اور اب بیڈز کی قلت نے مریضوں کو علاج کیلئے ایڑھیاں رگڑنے پر مجبور کر رکھا ہے۔ ڈویژن کے اکلوتے برن سینٹر میں بستروں کی کمی اور سہولیات کا فقدان برقرار ہے جبکہ اسپتال انتظامیہ حالات میں بہتری کیلئے  موجودہ حکومت کی توجہ کی منتظر ہے ۔ ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن خاک ہو جائیں گے ہم ، تم کو خبر ہونے تک