Sunday, September 8, 2024

فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
July 13, 2020

فیصل آباد ( 92 نیوز) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے زرعی اراضی پر غیرقانونی تعمیرکی گئی ہاؤسنگ کالونیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کرلیا ہے، پیری اربن پلان کی خلاف ورزی کرنےوالی کالونیوں کو سیل کردیا جائےگا، جبکہ ملی بھگت میں ملوث افسران بھی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔

صنعتی شہر میں خطرناک حد تک کم ہوتی زرعی اراضی پر ایف ڈی اے نے بڑا فیصلہ کرلیا، فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی  نے پیری اربن پلان سے ہٹ کر تعمیر کی گئی ہاؤسنگ کالونیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں 7 ہزار کنال زرعی اراضی پر ہاؤسنگ کالونیوں کی تعمیر نے شعبہ زراعت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ قانون کے مطابق پیری اربن پلان کے تحت زرعی اراضی پرہاؤسنگ کالونی تعمیرنہیں کی جاسکتی۔

دوسری جانب فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے  12 سے زائد کالونیوں کی فہرست تیارکرلی ہے جبکہ غیرقانونی اقدام میں ملوث افسران کیخلاف بھی کارروائی کا عندیہ دیدیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بڑھتی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کالونیوں کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے جس کے باعث شہر کی زرعی اراضی میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوتی جا رہی ہے۔