Friday, March 29, 2024

فیصل آباد ، ڈجکوٹ روڈ پر واقع سوار خان پارک کی حالت دن بدن بگڑنے لگی

فیصل آباد ، ڈجکوٹ روڈ پر واقع سوار خان پارک کی حالت دن بدن بگڑنے لگی
April 19, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں پی ایچ اے حکام کی تمام تر توجہ بڑے بڑے پارکس کی حالت سدھارنے پر مرکوز لیکن چھوٹے پارکس کی حالت زار کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ۔ یہی وجہ ہے کہ ڈجکوٹ روڈ پر واقع سوار خان پارک کی حالت دن بدن بگڑتی جا رہی ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ وہاں کا رخ کرنا بھی پسند نہیں کرتے ۔ ڈجکوٹ روڈ پر واقع سوار خاں پارک صرف نام کا پارک بن کر رہ گیا جس کا افتتاح وزیر قانون پنجاب نے اپنے ہاتھوں سے کیا تھا لیکن نامناسب دیکھ بھال کے سبب اس کی گھاس تباہ ، چاردیواری اور آہنی گرل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی اور بینچ بھی بیٹھنے کے قابل نہیں ۔ شہری گلہ کرتے ہیں کہ پی ایچ اے نے توجہ نہیں دی تو کسی عوامی نمائندے نے پوچھنا بھی مناسب نہ سمجھا ۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر جبکہ مین گیٹ موجود نہیں ، تبھی تو انسان یہاں ٹہلنے آئیں یا نہ آئیں البتہ جانور گاس چرنے ضرور آ جاتے ہیں ۔ تازہ ہوا میسر ہوتی نہ پھولوں کی خوشبو ، انتہائی بدبو کے باعث شہریوں نے یہاں کا رخ کرنا ہی چھوڑ دیا ہے جبکہ انتظامیہ ابھی بھی بلندوبانگ دعوے کر رہی ہے ۔ شہری کہتے ہیں کہ انتظامیہ توجہ دے تو اسے خوبصورت تفریح گاہ کے طور پر بحال کیا جا سکتا ہے ۔ شہریوں کی سہولت کے لئیے بنایا گیا پارک رحمت کے بجائے زحمت بن گیا کیونکہ گندگی کے ڈھیر اور سہولیات کی عدم دستیابی نے اسے کھنڈرات میں بدل دیا ہے ۔