Friday, April 19, 2024

فیصل آباد : چودھری شیر علی نے 29 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کیخلاف جلسے کا اعلان کر دیا

فیصل آباد : چودھری شیر علی نے 29 اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کیخلاف جلسے کا اعلان کر دیا
October 20, 2015
فیصل آباد (92نیوز) فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات کم ہونے کی بجائے شدت اختیار کرگئے ہیں۔ چودھری شیرعلی نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف انتیس اکتوبر کو اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں جلسے کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے شیرعلی کی جانب سے رانا ثناءاللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف دھواں دھار پریس کانفرنس کی گئی تو قیادت بھی حرکت میں آئی، مختلف کمیٹیاں بھی بنیں لیکن نتیجہ صفر ہی رہا۔ قیادت نے چودھری شیرعلی کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی خاطر شاید خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر جانا مگر شیرعلی خاموش نہ رہے اور انہوں نے اب مسلم لیگ (ن) کے خلاف ایک بڑے جلسے کا اعلان کردیا ہے جو انتیس اکتوبر کو اقبال پارک دھوبی گھاٹ میں منعقد کیا جائیگا۔ جلسے میں شیرعلی مئیر گروپ کے امیدواروں کے ساتھ اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ان کے ہم خیال مقامی ارکان اسمبلی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ معاملے کو سلجھانے کیلئے مریم نواز کی جانب سے کی جانیوالی انکوائری رپورٹ وزیراعظم نوازشریف کو ان کے دورہ امریکہ سے واپسی پر دی جائیگی۔