Sunday, September 8, 2024

فیصل آباد : پولیس گردی کے خلاف دولہا کا ساتھیوں سمیت ضلع کونسل چوک  میں احتجاجی دھرنا

فیصل آباد : پولیس گردی کے خلاف دولہا کا ساتھیوں سمیت ضلع کونسل چوک  میں احتجاجی دھرنا
January 22, 2016
فیصل آباد(92نیوز)فیصل آباد میں پولیس نے شادی والے گھر میں ایسی پولیس گردی دکھائی کہ دولہا کو بارات دلہن کے گھر لے جانے کی بجائے ضلع کونسل چوک میں پولیس کے خلاف احتجاج کرنا پڑا دولہے کی بہنیں شادی کے گیتوں کی بجائے پولیس کے خلاف نعرے لگاتی رہیں ۔ تفصیلات کےمطابق برج منڈی کے رہائشی دولہے میاں شاہد احمد جسے آج اپنی بارات لیکر جانا تھا کہ پولیس نے رنگ میں بھنگ  ڈال دیا، ہوا یوں کہ کل مہندی کی رسم ادا کی جا رہی تھی کہ پولیس پارٹی نے انکے گھر پر دھاوا بول دیا اور کہا شادی میں آتشبازی چلائی جا رہی ہے اور فائرنگ کی بھی اطلاع ہے، ذرا سی مزاحمت ہوئی تو پولیس نے گھر والوں کو خوب سبق سکھایا، اس قدر تشدد کیا کہ دولہے کی والدہ کو تو اسپتال لے جانا پڑ گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مہندی کی تقریب میں فائرنگ ہوئی نہ آتش بازی لیکن پولیس نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کا بھی خیال نہ کیا دولہے میاں نے بارات لے جانے کی بجائے ضلع کونسل چوک میں کئی گھنٹے تک احتجاج کیا، جبکہ بہنیں بھی شادی کے  گیت نہ گا سکیں اور پولیس کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔ دولہا شاہد کو پولیس کے اہکاروں نے سمجھانے کی بڑی ہی کوشش کی کہ وہ اپنی بارات لے کر جائے واقعہ کی مکمل انکوائری کی جائے گی مگر دولہا میاں دلہن سے پہلے انصاف کے لیے بضد رہا۔